اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان نے آگاہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے مؤخر ادائیگی کی بنیاد پر سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ کی جانب سے مزید ایک سال کے لیے 100 ملین ڈالر ماہانہ فراہمی کی تجدید کی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کی طرف سے انہیں بھیجے گئے خط کے حوالے سے آگاہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد نے پاکستان کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے مؤخر ادائیگی کی بنیاد پر سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ کی جانب سے مزید ایک سال کے لیے 100 ملین امریکی ڈالرز ماہانہ فراہمی کی تجدید کے بارے میں بتایا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان اور سعودی قیادت کے تہہ دل سے مشکور ہیں، سعودی عرب ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔وفاقی کابینہ کو وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز میں ای-آفس کے استعمال پر بریفنگ دی گئی اور اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کی تمام ڈویژنز میں ای-آفس کا استعمال 98 فیصد تک پہنچ چکا ہے اور 39 ڈویژنز میں ای- آفس کا نفاذ 100 فیصد ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بین الوزارتی روابط کے حوالے سے 21 ڈویژنز میں ای- آفس کا نفاذ 100 فیصد ہو چک ہے اور وفاقی وزارتوں کے ماتحت اداروں اور حکومتی ملکیتی اداروں میں ای- آفس کے نفاذ کا آغاز کیا جا چکا ہے جن میں سے 176 اداروں میں ای- آفس کا نفاذ مکمل کر لیا گیا ہے۔