لاہور(سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ لاہور شفقت عباس نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کا حل ضروری،طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں سکتا ،اقوام متحدہ کی قراردادیں بہت واضح ہیں کہ کشمیریوں کو آزادانہ اور شفاف استصواب رائے کے ذریعے حق خودارادیت دیا جائے گا تاکہ وہ اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام5 فروری کو منائے جانے والے یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں منعقدہ سیمینار سے خطاب میں کیا۔سیمینار کے مقررین میں سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمن شامی، معروف تجزیہ نگار سلمان غنی،ڈاکٹر عرشہ سلیم،ساجد علی،طارق غوری،علی ساجد،حریت رہنما مشتاق احمد ، سید ایم مہدی، ڈپٹی ڈائریکٹر پی آئی ڈی لئیق باجوہ شامل تھے جبکہ افسران،ملازمین سول سوسائٹی اور دیگر اراکین نے بھی سیمینار میں شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز شفقت عباس نے سیمینار کے شرکا کو خوش آمدید کہا اور اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ آج ہم سب یہاں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور عالمی سطح پر بھارت کا اصل چہرہ عیاں کرنے کیلئے اکھٹے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے،اس مسئلہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے،پاکستان نے کئی مرتبہ اس حوالے سے بھارت کے ساتھ مختلف فورم پر ڈائیلا گ کی کوشش کی مگر بھارت نے ہمیشہ بڑی ہوشیاری سے ان ڈائیلاگ سے راہ فرار اختیار کی۔انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،پاکستان حق خود ارادیت کے ذریعے اپنی تقدیر کا تعین کرنے میں جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کی غیر متزلزل سیاسی،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ اس موقع پر حریت رہنما انجینئر مشتاق احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے لوگوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھا رہا ہے،وہ طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبا نہیں سکتا،کشمیر میں کو ئی بھی ایسا گھر موجود نہیں جس پر بھارتی فوج نے ظلم کے پہاڑ نہ ڈھائے ہوں۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کے بغیر پاکستان نا مکمل ہے،پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں،ہمیں پاکستان کی قدر کرنا اور اللہ تعالی کا شکر ادا کرنا چاہیے۔کشمیری پاکستان سے پیار کرتے ہیں،ہمیں امید ہے کہ پاکستان دنیا میں کشمیر کے تنازع کو حل کرانے کے لیے اسی طرح اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور دو قومی نظریہ کے تحت کشمیر پاکستان کا حصہ ضرور بنے گا۔معروف صحافی و تجزیہ کار سلمان غنی نے کہا کہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے اس طرح کا سیمینار کا انعقاد خوش آئند ہے،جس پر میں پی آئی ڈی کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی تحریک آزادی کو دبانے کی ناکام کوشش میں نسل کشی، ماورائے عدالت قتل،حراست میں تشدد،کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال،بچوں اور خواتین کے خلاف تشدد،جبری گمشدگیوں،پیلٹ گنز،اجتماعی سزا،کالے قوانین، فالس فلیگ آپریشنز جیسے غیر قانونی،غیر انسانی اور غیر اخلاقی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے،اس کے باجودہ ہمیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں،کشمیر کاز کو دبایا نہیں جاسکتا جس کا ادراک بھارت کو بھی بخوبی ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں قربانیوں کی ایک تاریخ ہے،برہان مظفر وانی نے بھارت کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا،وہ بھارتی فوج کے لیے ایک خوف کی علامت تھا،کشمیری پاکستان پرچم میں لپٹ کر دفن ہونا اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔