او پی ایف اور نیب مشترکہ طور پر بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے موصول ہونے والی شکایات کا حل ممکن بنائیں گے
اسلام آباد (نمائندہ سد باب) نیب اور او پی ایف کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے ۔ قومی احتساب بیورو (نیب) ہیڈکوارٹر اسلام اباد میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں نیب اور وزارتِ بیرونِ ملک پاکستانیز و انسانی وسائل کے زیرِ انتظام اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے مابین مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہوئے۔ او پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل (ویلفیئر اینڈ سروسز ڈویژن) لائیقہ امبرین اور نیب کے ڈائریکٹر جنرل (اے اینڈ پی) اظہار احمد اعوان نے چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد،پراسیکیوٹر جنرل نیب سید احتشام قادرشاہ، چیئرمین او پی ایف بورڈ آف گورنرز سید قمر رضا ، منیجنگ ڈائریکٹر او پی ایف محمد افضل بھٹی ،نیب اور او پی ایف کے سینئر افسران کی موجودگی میں ایم او یو پر دستخط کیے۔مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو )دونوں اداروں میں باہمی تعاون اور حکمت عملی کا فریم ورک تشکیل دینے کے لیے وضع کیا گیا ہے تاکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرکے ان کی شکایات دور کی جا سکیں جن میں جائیداد کے تنازعات، مالی دھوکہ دہی، اختیارات کا ناجائز استعمال اور دیگر ایسے امور شامل ہیں جو نیب کی مداخلت سے حل ہو سکتے ہیں ـ مفاہمت کی یادداشت کا بنیادی مقصد ایک ایسا موثر اور مددگار طریقہ کار طے کرنا ہے جس کے ذریعے او پی ایف اور نیب مشترکہ طور پر بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے موصول ہونے والی شکایات کا حل ممکن بنائیں گے اور اس طرح تشکیل پائے نے والے ضابطے کے ذریعے ہاؤسنگ اسکیموں میں دھوکہ دہی ، جائیداد پر قبضہ سے متعلق تنازعات، الاٹمنٹ اور ہاؤسنگ ڈویلپرز اور مختلف افراد کی طرف سے انفرادی اور نجی اداروں کی طرف سے کیے جانے والے مالی بد انتظامی یا بے ضابطگیوں کے واقعات اور اسی نوعیت کے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے متعلق دیگر امور حل ہوں گے۔ ایم او یو کا مقصد او پی ایف اور نیب کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے تاکہ نیب کی معاونت سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات مؤثر انداز میں دور کی جا سکیں ـمفاہمت کی یاداشت کے تحت، شکایات سے متعلق سوالات کے بروقت جواب کے لیے نیب (ہیڈ آفس اور ریجنل دفاتر سمیت) میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے مخصوص سہولت ڈیسک یا سیل قائم کیے جائیں گے تاکہ او پی ایف یا بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے شکایات موصول کی جا سکیں اور ان کے ازالے کے لیے موصول شدہ درخواستوں پر بلا تاخیر عمل درآمد کرایا جا سکے۔ اس کے علاوہ نیب اور سیز پاکستانیز کی شکایات کے حل کے لئے او پی ایف کے ساتھ ہیلپ لائن کے ذریعے رابطہ میں رہے گا۔اس سے قبل او پی ایف کی طرف سے نیب کو جامع بریفنگ دی گئی، جس میں بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل اور ان کے تدار ک کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین نیب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بیرون ملک پاکستانی ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انکے مسائل کے حل کے لئے نیب او پی ایف کے ساتھ مل کر ہر ممکن اقدامات اٹھائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب اوور سیز پاکستانیوں کے ساتھ دھوکہ دہی کرنے والوں کو قانون کے تحت قرار واقعی سزائیں دلوائے گا۔